ون ونڈو کے تحت پنجاب میں بزنس رجسٹریشن پورٹل اور ایف بی آر کے ساتھ رجسٹریشن کی سہولت
فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے کاروبار کوفروغ دینے اور ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے نہایت اہم قدم اٹھاتے ہوئے ون ونڈو کی سہولت متعارف کر دی جس کے تحت کاروبار کرنے والے افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز بیک وقت حکومت پنجاب کی بزنس پورٹل اور ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہو جائیں گے۔
اس سہولت کے باعث درخواست گزار کو ایف بی آر کے فیلڈ دفتر یا ویب سائٹ پر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور وہ بیک وقت پنجاب بزنس پورٹل اور ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہو جائے گا۔ ایف بی آر نے طریقہ کار کے بارے میں بتا یا ہے کہ سب سے پہلے درخواست گزار پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے بزنس رجسٹریشن پورٹل (https://business.punjab.gov.pk/پر رجسٹریشن کے لئے درخواست بھیجے گا۔ بزنس رجسٹریشن پورٹل پر رجسٹرڈ ہونے کے بعد سسٹم درخواست گزار کی رجسٹریشن پروفائل کو ایف بی آر کے ڈیٹاسے چیک کرے گا۔ اگر درخواست گزار ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہے تو سسٹم درخواست گزار کو خودکار طریقہ سے ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ کرے گا اور تصدیقی پیغام اور ای میل درخواست گزار کو بھیج دے گا۔ اگر درخواست گزار ایف بی آر کے ساتھ پہلے سے ہی رجسٹرڈ ہے تو رجسٹریشن ڈیٹا ،بزنس رجسٹریشن پورٹل کے ساتھ شئیر ہو جائے گا۔
وزیر اعظم کی پالیسی کے مطابق رجسٹریشن کے اس خودکار طریقہ کار سے ٹیکس گزاروں کی مشکلات کم ہوں گی اور کاروبار کو فروغ ملے گا۔